
حج 2027 سے 2030 کے لیے گھر بیٹھے ڈیجیٹل حج رجسٹریشن کا عمل زوروں پر ہے جہاں نیشنل آئی ٹی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے تیار کردہ حج پورٹل پر رجسٹرڈ عازمین حج کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 283,000 عازمین حج پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں جبکہ 43,000 عازمین نے موبائل ایپ "پاک حج” کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ رجسٹرڈ افراد میں سے 235,000 نے سرکاری حج سکیم کا انتخاب کیا ہے جبکہ 90,000 نے پرائیویٹ حج سکیم کا انتخاب کیا ہے۔
رجسٹرڈ حجاج کی کل تعداد میں 191,000 مرد اور 134,000 خواتین شامل ہیں۔ آن لائن حج رجسٹریشن کا عمل اگلے اطلاع تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
دوسری جانب نیشنل آئی ٹی بورڈ نے حج واجبات کی آن لائن وصولی کے لیے جدید نظام بھی تیار کرلیا ہے جب کہ حج پیکجز کی تفصیلات اور فنڈز کی وصولی کا مکمل طریقہ کار جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
اس اقدام کا مقصد حجاج کرام کو شفاف، آسان اور مکمل طور پر ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنا ہے۔





